مسابقتی کمیشن پاکستان (سی سی پی) نے سیمنٹ کے تھیلوں پر ایکسپائری تاریخ کی تشہیر لازمی قرار دینے کی سفارش کردی۔
سی سی پی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کو سیمنٹ مینوفیکچررز کے لیے اپنے سیمنٹ کے تھیلوں پر ’’مینوفیکچرنگ، پیکجنگ اور ایکسپائری‘‘ تاریخوں کو بہتر انداز میں ظاہر کرنا لازمی قرار دینے کی سفارش کی ہے۔ پانچوں قسم کے سیمنٹ کیلیے پاکستان اسٹینڈرڈ اسپیسیفکیشن میں ترمیم کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔
سی سی پی کے پالیسی نوٹ کے مطابق عام حالات میں سیمنٹ تھیلوں میں 4 سے 6 ہفتوں کے ذخیرہ کرنے کے بعد اور منفی موسمی حالات یا زیادہ نمی میں کافی جلد اپنی طاقت کو نمایاں طور پر کھونے لگتا ہے۔
حکام کے مطابق سیمنٹ مینوفیکچررز رضاکارانہ طور پر اپنے سیمنٹ کے تھیلوں پر مینوفیکچرنگ اور ایکسپائری بہتر تاریخوں کو پرنٹ نہیں کرتے، اس طرح کی معلومات کا ظاہر نہ کرنا صارفین کو گمراہ کر سکتا ہے، جس سے تعمیراتی منصوبوں کی طاقت اور معیار متاثر ہو سکتا ہے۔