وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ٹیکس سسٹم کو بہتر کرنا چاہتے ہیں، نجکاری پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ہمراہ پہلےغیرملکی دورہ کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کی، ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حلقہ کے عوام کے روزمرہ کے معاملات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، نظام کی بہتری کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، ہمیں پارٹی نے ہمیشہ عزت دی ہے، تمام کارکنوں نے مل کر حلقہ کے مسائل کو حل کرنا ہے، ہمارے دروازے کارکنوں کیلئےکھلے ہیں۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ ملک کے معاشی حالات میں بہتری آرہی ہے، سعودی عرب کے ولی عہد نے 5 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کا اعلان کیا، سعودی عرب پاکستان کیساتھ دیرپا تعلقات کا خواہاں ہے، سعودی میڈیا نے وزیراعظم کے دورے کو خصوصی کوریج دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں قرضہ نہیں تجارت چاہئے، پاکستان کی قیادت نے امداد کی بجائے سرمایہ کاری کو ترجیح دی ہے، سعودی عرب کی جانب سے5 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کے اعلان کے بعد سٹاک ایکسچنج میں نمایاں تیزی آئی، ٹیکس سسٹم کو بہتر کرنا چاہتے ہیں، نجکاری پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے۔