اقوام متحدہ نے پاکستان کی معاشی ترقی میں تیزی اور مہنگائی میں کمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یو این اکنامک سروے کے مطابق رواں مالی سال2024-25 میں پاکستان کی معاشی ترقی تیز ہورہی ہے اور اگلے مالی سال میں حقیقی شرح نمو میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ہوگا جب کہ مالی سال2025 میں مہنگائی کی شرح 26 سے کم ہوکر 12.2 فیصد ہونےکا امکان ہے۔
سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاسی عدم استحکام نے معاشی ترقی، کاروبار اور شہریوں کو متاثر کیا، 2022 کے سیلاب کی تباہی سے زرعی پیداواراور معیشت متاثر ہوئی تاہم 2023 میں آئی ایم ایف سے معاہدہ اور دوست ممالک کی مدد سے معیشت سنبھلنا شروع ہوئی۔
سروے کے مطابق ایشیاء پیسیفک کے ترقی پذیر ممالک کو مناسب اورطویل المدتی وسائل کی ضرورت ہے، ترقی پذیرممالک کو انتخاب کرنا ہوتا ہے کہ وہ زیادہ شرح سود پر لیا گیا پچھلا قرض اتارنے پرخرچ کریں جب کہ دوسرا انتخاب یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے عوام کی تعلیم، صحت اور سماجی بہتری کیلئے وسائل خرچ کریں۔