الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے کفالت یتامیٰ پروگرام کے تحت 2 ہزار یتیم بچوں ، بیوہ خواتین اور اولڈ ایج ہومز میں رہنے والے بزرگ افراد کے لیے گرینڈ افطار اورعید تحائف کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں شریک بچوں کے لئے جمپنگ کیسل،فیس پینٹنگ، میجک شو اور بچیوں کے لئے مہندی کے اسٹال کا خاص اہتمام کیا گیا تھا جبکہ بعد ازاں بچوں ، اُن کی ماؤں اور معمر افراد میں عیدی، کپڑے اوردیگر تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔
تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن 30 ہزار یتیم بچوں کی کفالت پرسالانہ اڑھائی ارب روپے خرچ کررہی ہے،آرفن کی باہمت ماؤں اور بزرگوں کے لئے مختلف پراجیکٹس کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جاتا ہے۔ایسی تقاریب کا مقصد آرفن بچوں، ان کی باہمت ماؤں اور اولڈایج ہومز میں مقیم بزرگوں میں احساس محرومی ختم کرکے انھیں رمضان اور عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان میں آرفن بچوں کیلئے اضلاع،ریجن اور مرکزی سطح پر مختلف افطارپروگرامات منعقد کئے جاتے ہیں ان باہمت بچوں کو عیدکی خریداری کروائی جاتی ہے تاکہ یہ اپنے والدین کی کمی کوکم محسوس کریں۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ اس وقت غزہ تباہی کے دھانے پر 22 لاکھ افراد محصور اور ہماری امداد کے منتظر ہیں الخدمت فاؤنڈیشن مسلسل غزہ ریلیف کیلئے سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے ایک ارب 70 کروڑ سے زائد مالیت کا امدادی سامان ہم مختلف ذرائع سے غزہ بھجوا چکے ہیں، جبکہ امدادی سامان کی ترسیل مسلسل جاری ہے۔
ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ رمضان اور عید کی خوشیوں میں اپنے ساتھ شریک کرنا یتیم بچوں اور بے سہارا معمر افراد کا بھی حق ہےِ اسی احساس کے ساتھ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار ہر سال کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات کے ساتھ مل کر یتیم بچوں، اُن کی ماؤں اور اولڈ ایج ہوم کے بے گھر خواتین و حضرات کے لیے افطار اور عید تحائف کا اہتمام کرتے ہیں۔