کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے ایسٹر کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے سینٹ میری مگدالینی چرچ لاہور کینٹ کا دورہ کیا اور ایسٹر کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران کمانڈر لاہور کور نے کیک کاٹا اور مسیحی برادری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کی دعائیں بھی کی گئیں۔
کور کمانڈر نے قیامِ پاکستان اور استحکامِ پاکستان کے لیے مسیحی برادری کے کردار کو سراہا۔
لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع و ترقی کے لیے مسیحی برادری کی شاندار خدمات اور لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، مسلح افواج میں شامل مسیحی برادری کے افراد قابل فخر خدمات سر انجام دیتے آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے پوری قوم کا اتفاق و اتحاد ضروری ہے تاکہ امن دشمنوں کو مایوسی ہو، قائد اعظم کے وژن کے مطابق آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو مکمل مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔
پاسٹر اکرم گِل کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور منافرت انگیز پراپیگنڈا کو مسترد کرتی ہے۔