ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر گذشتہ ہفتہ کے دوران مسلسل دوسری بار 0.09 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے ضروری اشیاء کی قیمتوں بارے ہفتہ وار رپورٹ (ایس پی آئی) کے مطابق 28 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتہ میں 18 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 29 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ اس کے برعکس چار ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 12.04 فیصد، آٹا 3.80 فیصد، لہسن 2.59 فیصد، ایل پی جی 2.42 فیصد، پیاز 1.74 فیصد، آلو 1.07 فیصد، کیلا 0.77 فیصد، دال چنا 0.57 فیصد اور چینی کی قیمت میں 0.49 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس چکن کی قیمت میں 4.92 فیصد، انڈے 1.61 فیصد، شرٹنگ 0.56 فیصد اور اری 6 نائن چاول کی قیمت میں 0.15 فیصد کا اضافہ ہوا۔
سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.27 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ 17 ہزار 733 روپے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 روپے اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.22 فیصد، 0.17 فیصد، 0.12 فیصد اور 0.03 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔