کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ رواں سال پاکستان، آسٹریلیا اور بھارت کی سہ فریقی سیریز کرانے کا موقع نہیں ہے۔
پیر کے روز کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کا شیڈول جاری کیا جس کے مطابق تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 4 نومبر سے شروع ہوگی جبکہ سیریز میں شامل تمام چھ میچز چھ مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔
ٹی ٹونٹی سیریز 14 نومبر سے گابا برسبین میں شروع ہوگی جبکہ وائٹ بال سیریز کے تمام میچز رات کو کھیلے جائیں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آسٹریلیا میں سیریز کے انعقاد کے امکانات تلاش کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔
کرکٹ آپریشنز مینیجر پیٹر روچ کے مطابق دنیا کا ہر ملک پاک ، بھارت مقابلہ اپنے ملک میں ہوتے دیکھنا پسند کرتا ہے، ہم یہ بات ریکارڈ پر کہتے ہیں کہ ہم ایسے ممالک میں شامل ہیں جنہوں نے اس حوالے سے سوال اٹھایا ہے البتہ ابھی ہمارے پاس شیڈول میں جگہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان، آسٹریلیا اور بھارت کی سہ فریقی سیریز کرانے کا موقع نہیں ہے، نومبر میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے آسٹریلیا میں موجود ہونا ہے، ہمارے پاس ایف ٹی پی میں سہ فریقی سیریز نہیں ہے، ہم ہمیشہ اس میں دلچسپی رکھتے ہیں کہ ایسے مواقع پیدا کیے جائیں کہ جس میں شائیقین کی زیادہ دلچسپی ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس حوالے سے کام جاری رکھیں گے لیکن اس وقت شیڈول میں تبدیلی ممکن نہیں۔