بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت بھارتی جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے ٹکٹ پر لوک سبھا کے انتخابات میں حصہ لیں گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی جنتا پارٹی نے بھارت میں ہونے والے عام انتخابات 2024 کے لئے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو بھی ٹکٹ جاری کردیا ہے۔
بی جے پی نے اتوار کو لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی پانچویں فہرست جاری کی اور اس فہرست میں اداکارہ کنگنا رناوت کو منڈی سے ٹکٹ ملا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کنگنا رناوت نے الیکشن کے لئے ٹکٹ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
اپنے پیغام میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل ہونے پر خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے پیارے بھارت اور بھارتیہ جنتا کی اپنی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کو ہمیشہ میری غیر مشروط حمایت حاصل رہی ہے، آج بی جے پی کی قومی قیادت نے مجھے میری جائے پیدائش ہماچل پردیش، منڈی ( حلقہ ) سے اپنا لوک سبھا امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے اور میں اس کی پابندی کروں گی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل ہونے پر فخر اور خوشی محسوس کر رہی ہوں، میں ایک قابل عمل اور ایک قابل اعتماد عوامی خدمت گار بننے کی منتظر ہوں۔
یاد رہے کہ کنگنا رناوت جو خود کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پرستار کہتی ہیں پہلی دفعہ انتخابات میں حصہ لیں گی۔