وزیراعظم شہبازشریف نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی سربراہی کا فیصلہ واپس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سربراہی کا فیصلہ واپس لے لیا اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیل نو کردی۔ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کو ای سی سی کا چیئرمین مقرر کردیا گیا اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ اس سے قبل ای سی سی کے چیئرمین وزیراعظم شہباز شریف تھے۔
اعلامیے کے مطابق ای سی سی ارکان میں تجارت، پاور اور پیٹرولیم کے وفاقی وزرا شامل ہیں، اقتصادی امور اور منصوبہ بندی کے وفاقی وزراء بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
قبل ازیں جمعہ کو وزیر اعظم نے 7 کمیٹیاں تشکیل دی تھیں اور سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین ہوں گے، یاد رہے کہ ماضی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاسوں کی صدارت وزیر خزانہ کرتے تھے۔
واضح رہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کو کابینہ کی سب سے اہم کمیٹی سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس کے ٹرمز آف ریفرنس کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی تمام ہنگامی معاشی معاملات اور حکومت کے مختلف ڈویژنوں کی جانب سے شروع کی گئی اقتصادی پالیسیوں کی ہم آہنگی پر غور کرے گی۔