وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب معاشی ترقی میں بہتری اور پاکستانی روپے کی قدر میں استحکام کیلئے پرامید ہیں۔
بلوم برگ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کم از کم 3 سال کیلئے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کا نیا پروگرام لے گا اور اگلے مالی سال ترقی کی شرح بہتر رہے گی۔
محمد اونگزیب کا کہنا تھا کہ کیش بیلنس بہتر ہے ، حکومت تمام قرض بروقت ادا کرے گی اور ادائیگیوں سے پاکستانی کرنسی پر دباؤ نہیں پڑے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اُمید ہے روپے کی قدر مستحکم رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان رواں سال 3 سو ملین ڈالر کے پانڈا بانڈز جاری کرے گا، پانڈا بانڈز چینی مارکیٹ میں جاری کئے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر250سے 300 ملین ڈالر کے بانڈز جاری کریں گے، بعد میں پانڈا بانڈز کا حجم بڑھایا جائے گا۔