انگلینڈ اور ایسیکس کی کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ سپنر رابن ہوبز 81 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
رابن ہوبز نے 1967 میں ہیڈنگلے میں ہندوستان کے خلاف انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کیا تھا اور اگلے چار سالوں کے دوران انہوں نے سات ٹیسٹ میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کیں اور وہ 1992 میں پاکستان کے خلاف ایان سیلسبری کے ڈیبیو سے پہلے انگلینڈ کے لیے کھیلنے والے آخری ماہر لیگ اسپنر تھے۔
کاؤنٹی کرکٹ میں وہ 1961 میں ایسیکس کے سکواڈ کا اہم حصہ بنے اور 15 سیزنز میں مجموعی طور پر 325 میچ کھیلے جن میں 26.00 کی اوسط سے 763 وکٹیں حاصل کیں۔
1966 میں گلیمورگن کے خلاف ایسیکس کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے 63 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کر کے بہترین باؤلنگ فگر بنایا تھا۔
ہوبز نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کا اختتام مجموعی طور پر ایک ہزار 99 وکٹوں کے ساتھ کیا تھا۔
ہوبز نے بطور بیٹر اپنے کیرئیر میں دو سنچریوں کے ساتھ پانچ ہزار فرسٹ کلاس رنز بنائے جبکہ انہوں نے اپنی آخری سنچری آسٹریلیا کے خلاف 46 گیندوں پر بنائی تھی جس پر انہیں والٹر لارنس کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔
لیجنڈ کرکٹر کی موت کی تصدیق ان کے بیٹے نے کی جن کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آج میں نے اپنے بہترین ساتھی کو الوداع کہ دیا۔
2020 میں اپنے ایک انٹرویو میں ہوبز نے کہا تھا کہ میں بہت خوشی محسوس کرتا ہوں کہ میں نے بطور لیگ سپنر 1000 سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں کیونکہ کاؤنٹی کرکٹ میچوں میں کمی کے ساتھ اب یہ دوبارہ کبھی نہیں ہوگا، میں بہت خوش قسمت رہا۔





















