لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے وطن واپسی پر نواز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حد سے تجاوز قرار دے دیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سرفرازبگٹی بیان دینے سے پہلے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا انجما دیکھ لیں۔ نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے۔ نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیس بنا کر ملک اور عوام کے ساتھ دشمنی کی گئی۔
سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ سرفرازبگٹی نواز شریف سے متعلق بیان بازی سے اپنا قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں۔ نواز شریف جیلوں اور فورس کا سامنا کرچکے ہیں۔ اُن کی فکر چھوڑ کر اپنے کام پر توجہ دیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف نے ائیرپورٹ سے کہاں جانا ہے یہ وزیرداخلہ کا نہیں عوام کا فیصلہ ہوگا۔ نوازشریف ہمیشہ کی طرح عدالتوں میں قانون کےمطابق تقاضے پورے کریں گے۔
نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں
دوسری جانب نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی گرفتاری سے متعلق اُن کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا ہے۔ نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں۔
نگران وزیرداخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کی عوام کا ایک بڑا حصہ انہیں خوش آمدید کرنے کی تیاریوں میں مشغول ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پر نواز شریف سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ چہ مگوئیوں اور مفروضوں سے باہر نکل کر معاملات کو حقیقت کے آئینہ سے دیکھنا ہوگا۔ نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کرے گی۔