اسلام آباد کی احتساب عدالت میں فلیگ شپ، العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق حسن نواز، حسین نواز کے 3 ریفرنسز میں عدالت پیش ہوئے، احتساب عدالت کے سامنے سرنڈر کردیا، احتساب عدالت نے دونوں کے دائمی وارنٹ گرفتاری آج تک معطل کئے تھے۔
وکیل قاضی مصباح الحسن نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعا کی تھا، عدالت نے گزشتہ سماعت پر وارنٹ معطل کردیئے تھے، ملزمان نے خود کو سرنڈر کردیا،اب وارنٹ منسوخ کئے جائیں۔
جج احتساب عدالت نے استفسار کیا کہ تینوں ریفرنسز میں یہ دونوں ہی ملزمان ہیں، وکیل نے جواب دیا کہ جی تینوں ریفرنسز میں یہ دونوں شریک ملزمان ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے استدعا مظور کرتے ہوئے 50ہزار کے مچلکوں کےعوض حسن نواز اور حسین نوازکی ضمانت منظورکرلی۔