وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں 21 منزلہ ارفع کریم ٹاور ٹو بنانے کی منظوری دے دی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی دارالحکومت لاہورمیں 21 منزلہ ارفع کریم ٹاور ٹو بنایا جائے گا جس کی منظوری وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے دے دی گئی ہے جبکہ آئی ٹی، ایجوکیشن اور فلم سٹی پراجیکٹ کا آغاز بھی جلد ہوگا۔
مائیکرو سافٹ، اوریکل اور دیگر بڑی کمپنیوں نے آئی ٹی سٹی لاہور کیلئے آمادگی ظاہر کردی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ نے چین کی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کو آفس بنانے کیلئے مدعو کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے بہترین آئی ٹی کمپنیوں کو آئی ٹی سٹی میں بزنس کے مواقع فراہم کریں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب سمیت پاکستان بھر کے طلبا کے لئے ورلڈ بیسٹ یونیورسٹیوں کے کیمپس بنائیں گے۔
انہوں نے ایجوکیشن سٹی میں دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے کیمپس قائم کرنے کے لئے فوری رابطوں کی ہدایت بھی کی۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے لاہور میں فری وائی فائی پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری بھی دی ہے۔
لاہور میں 10 مقامات پر فری وائی فائی پراجیکٹ کا آغاز دو ہفتے میں کردیا جائے گا جبکہ 516 مقامات پر فری وائی فائی پوائنٹس بنائے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے تعلیمی اداروں، ائیرپورٹ ، ریلوے سٹیشن اور بس سٹینڈ پر ترجیحاً فری وائی فائی شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔