پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے اعلان کیا ہے کہ فارم 45 کا معاملہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کا معاملہ پشاور ہائی کورٹ میں تھا، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ وفاق اور کے پی اسمبلی پر لاگو ہوگا، پنجاب کی مخصوص نشستوں کا معاملہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستیں چیلنج کرنے کیلئے ڈرافٹ تیار ہے، آج لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب کی مخصوص نشستوں کو بھی چیلنج کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو سامنے رکھ کر انٹرا پارٹی انتخابات کرائے لیکن الیکشن پھر چیلنج ہو گیا ہے ، اب دیکھتے ہیں الیکشن کمیشن کیا فیصلہ دیتی ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ میں کون ہوگا اس کا فیصلہ وزیراعلیٰ اور ان کے قریبی لوگ کرتے ہیں۔
انہوں نے تصدیق کی کہ شیر افضل مروت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ممبر بننے جارہے ہیں اور ان کی نامزدگی بانی پی ٹی آئی نے خود کی ہے۔