نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر جیمز فرینکلن کو آئی پی ایل 2024 میں سن رائزرز حیدرآباد کا بولنگ کوچ مقرر کر دیا گیا۔
کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق سن رائزرز حیدرآباد کے بولنگ کوچ ڈیل اسٹین ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے سے دستبردار ہو گئے ہیں جس کے بعد نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر جیمز فرینکلن کو ان کی جگہ بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
2011 اور 2012 میں ممبئی انڈینز کے لیے کھیلنے والے فرینکلن کے لیے یہ آئی پی ایل میں ان کا پہلا کوچنگ کا تجربہ ہوگا۔
فرینکلن ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈینیئل ویٹوری کے ساتھ کام کریں گے جبکہ یہ جوڑی اس سے قبل مڈل سیکس (کاؤنٹی کرکٹ) کے ساتھ ساتھ برمنگھم فینکس (دی ہنڈریڈ) دونوں میں ایک ساتھ کام کر چکی ہے۔
یاد رہے کہ فرینکلن ڈرہم میں ہیڈ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور اس وقت پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ میں بطور اسسٹنٹ کوچ بھی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔