اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے صدر مملکت کے انتخاب کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا۔
اعلامیے کے مطابق صدرمملکت کے انتخاب کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 9 مارچ کی صبح 10 بجے ہوگا۔ اسمبلی سیکریٹریٹ نے دونوں ایوان کے ارکان کو اجلاس کی اطلاع دے دی۔
واضح رہے کہ صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی کا مقابلہ ہو گا۔ سابق صدر آصف علی زرداری کو مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور اتحادیوں کی حمایت حاصل ہے جبکہ پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل نے صدارتی امید وار نامزد کیا ہے۔
گزشتہ روز ہفتے کو صدارتی امیدواروں کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، شیڈول کے مطابق صدارتی الیکشن 9 مارچ کو ہوگا، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4مارچ کو، امیدواروں کی فہرست 5 مارچ کو ایک بجے آویزاں کی جائیگی۔