پاکستان انڈر 19 فٹبال ٹیم کے کھلاڑی فرحان خان روڈ ایکسیڈنٹ میں انتقال کر گئے۔
رپورٹ کے مطابق اے ایف سی 2020 انڈر 19 کوالیفائر میں شاہینز کی نمائندگی کرنے والے قومی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑی فرحان خان جمعہ کو ایک حادثے میں انتقال کر گئے۔
نوجوان فٹبالر صوابی میں موٹر سائیکل حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور جان لیوا زخموں کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔
صوابی میں پیدا ہونے والے فارورڈ نے پاکستان کے ڈومیسٹک فٹبال میں پاکستان ایئر فورس کی ڈیپارٹمنٹل ٹیم کی نمائندگی کی اور تقریباً پانچ سال قبل اے ایف سی کوالیفائرز کے لیے انڈر 19 ٹیم کا کا حصہ تھے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف ) نے نوجوان فٹبالر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔
اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری بیان میں پی ایف ایف کی جانب سے کہا گیا کہ گراؤنڈ کے اندر اور باہر فرحان خان کا جذبہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہماری دعائیں ان کے خاندان اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔