لاہور کے کاروباری علاقے اچھرہ بازار میں چند روز قبل عربی رسم الخط والا لباس پہننے پر خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق اچھرہ تھانے میں ملزمان کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ چند نامزد اور متعدد نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا، مقدمہ درج کرنےکےبعد ایف آئی آرسیل کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق اچھرہ پولیس نے متعدد مشتبہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی، جن میں تشدد پر اکسانے، صورتحال کو خراب کرنے اور خاتون کی جان کو خطرہ بنانے والے نقاط شامل ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اچھرہ بازار میں عربی خطاطی والا لباس پہنی خاتون کو مشتعل ہجوم نے ہراساں کیا تھا۔ واقعے کی اطلاع پر پنجاب پولیس کی بہادر افسر شہربانو نقوی نے صورتحال کو قابو کرتے ہوئے خاتون کو بحفاظت ہجوم سے نکالا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مشتعل ہجوم نے عربی خطاطی والا لباس پہنی خاتون کو گھیر رکھا تھا، لوگوں نے خاتون پر تشدد کی کوشش کی تھی تاہم خاتون نے جان بچاتے ہوئے ایک دکان میں پناہ لی تھی۔