پاکستان میں موجودہ معاشی صورت حال کے باعث جہاں ہر چیز ہی بڑھتی مہنگائی کی زد میں آئی ہے وہیں تعمیراتی مٹیریل کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ ملک بھر میں دیگر تعمیراتی سامان کی طرح سریے کی قیمت میں بھی اضافے کا رجحان برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں تعمیراتی سریے کی قیمت میں اضافے کے بعد نئی قیمت 295 روپے فی کلو جبکہ فی ٹن 2 لاکھ 95 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں تعمیراتی سامان کی لاگت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا جس کے بعد تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی، تعمیرات میں استعمال ہونے والے بجری اور سیمنٹ وغیرہ کی قیمتیں بھی آسمان پر جا پہنچی ہیں۔
تعمیراتی شعبہ سے وابستہ لوگوں کا کہنا ہے کہ اشیا کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے گھر بنانے کا بجٹ بنانا بھی دشوار ہو گیا ہے اور بجری، سیمنٹ، سریا، اینٹیں مہنگی ہونے سے تعمیر کا ٹھیکہ بھی غیر معمولی بڑھتا جا رہا ہے جبکہ بڑے اور چھوٹے شہروں میں تعمیرات کا کام بھی پہلے کی طرح دکھائی نہیں دیتا۔