پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر سعودی لیگ میں النصر اور الشباب کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران شائقین کو فحش اشارے کرنے پر دو میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتگالی فٹبالر پر سعودی عرب فٹبال فیڈریشن کی جانب سے دو میچوں کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
اتوار کو کھیلے جانے والے الشباب کے خلاف النصر کے میچ کے دوران رونالڈو نے پنالٹی پر گول کر کے النصر کو جیتنے میں مدد کی تھی تاہم، میچ ختم ہونے کے بعد رونالڈو کی ویڈیوز وائرل ہوئیں جس میں انہیں ہجوم کی طرف فحش اشارے کرتے دیکھا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق رونالڈو پر دو میچوں کی معطلی کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
سٹار فٹبالر اب الحزم کے خلاف جمعرات کو ہونے والے لیگ میچ سے محروم ہو جائیں گے اور اے ایف سی چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل مقابلے میں بھی غیر حاضر رہ سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ رونالڈو نے 2022 میں سعودی کلب النصر میں شمولیت اختیار کی تھی۔