نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ڈیون کانوے اور آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر ٹی 20 سیریز کے تیسرے اور آخری میچ سے باہر ہو گئے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 25 فروری بروز اتوار ایڈن پارک میں کھیلا جائے گا جبکہ آسٹریلیا نے سیریز 0-2 سے اپنے نام کر رکھی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی ایک رپورٹ کے مطابق کیویز کھلاڑی کانوے کو وکٹ کیپنگ کے دوران بائیں انگوٹھے پر چوٹ لگ گئی تھی جس کے بعد وہ وکٹ کیپنگ کے فرائض فن ایلن کے حوالے کرتے ہوئے گراؤنڈ چھوڑ کر چلے گئے تھے اور بیٹنگ کے لئے بھی واپس نہیں آئے تھے۔
ابتدائی طور پر ایکسرے رپورٹ نے فریکچر کا امکان مسترد کر دیا تھا تاہم چوٹ کی مکمل جانچ کرانے کے لئے کانوے کو واپس گھر بھیجا جائے گا۔
کیویز بورڈ کے مطابق ٹم سیفرٹ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں کانوے کی جگہ لیں گے جبکہ بلیک کیپس نے جیکب ڈفی کو بھی باؤلنگ یونٹ کے اضافی کور کے طور پر سکواڈ میں شامل کیا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر کمر کی تکلیف کی وجہ سے آخری ٹی ٹوئنٹی سے محروم رہیں گے۔
خیال رہے کہ وارنر دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے بھی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے۔