براڈ کاسٹرز نے پاکستان سپر لیگ کے میچ میں ہونے والی غلطی تسلیم کر تے ہوئے بیان دیا ہے کہ اسلام آباد کے خلاف میچ میں کوئٹہ کے کپتان رائلے روسو کوآوٹ نہ دینا غلطی تھی ، آپریٹرکی غلطی کے باعث غلط بال ٹریکنگ ڈیٹا کو آن ایئر کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہاک آئی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تصدیق کردی ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ میں سلمان علی آغا کے خلاف رائلے روسو کو ناٹ آؤٹ قرار دینا انسانی غلطی تھی۔ہاک آئی نے تسلیم کیا ہے کہ سسٹم نے زیربحث ڈلیوری کو درست طریقے سے ٹریک کیا تھا جس میں امپائر کی کال کے طور پر امپیکٹ اور وکٹ کو ہٹ کے طور پر دکھایا گیا تھا۔ تاہم آپریٹر کی غلطی کی وجہ سے غلط بال ٹریکنگ ڈیٹا کوآن ائر کردیا گیا۔اگر توقع کے مطابق عمل کیا گیا ہوتا تو بال ٹریکنگ کا درست ڈیٹا غلط ڈیٹا کے چلنے کے چند سیکنڈ بعد ہی دستیاب ہوتا،"
ہاک آئی بال ٹریکنگ کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی واحد منظور شدہ ٹیکنالوجی ہے جسے پہلی بار 2008 میں آزمایا گیا تھا اور اس کے بعد سے یہ DRS کا حصہ ہے۔