پاکستان کی مٹی دفاع وطن میں جان قربان کرنے والے شہداء کے خون سے رنگی ہے، امن دشمنوں نے جب بھی سرزمین پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر وطن کی پکار پر لبیک کہا ایسے ہی بہادر سپوتوں میں سے نائیک ظہیر عباس شہید ہیں جو ملکی دفاع کی خاطر آخری گولی اور خون کے آخری قطرے تک لڑے۔
نائیک ظہیر عباس شہید انتہائی نڈر سپاہی تھے جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا، وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ نائیک ظہیر عباس شہید کی یہ قربانی ہماری آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔
نائیک ظہیر عباس نے 03 جون 2023 کو شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے دفاع وطن میں جامِ شہادت نوش کیا، نائیک ظہیر عباس شہید کا تعلق خوشاب سے ہے۔ نائیک ظہیر عباس شہید نے سوگواران میں والدین اور تین بچے چھوڑے۔
نائیک ظہیر عباس شہید کے والد نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا مجھے بہت عزیز تھا، ہمیں کال آئی کہ آپ کا بیٹا شہید ہو گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پاک فوج بہت دلیر ہے، وہ ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں، پاک فوج کے جوان دشمن کے خلاف لڑنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ پاک فوج کے جوان دفاع وطن کے لئے جان کی قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے۔
نائیک ظہیر عباس شہید کی والدہ کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا بہت نیک اور فرمانبردار تھا، میں بہت خوش ہوں کہ میرا بیٹا شہادت کے رتبے پر فائز ہوا، اللہ پاک فوج کے جوانوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ پاک فوج کے جوان پاکستان کی حفاظت کر رہے ہیں، اللہ تعالیٰ ان کو زندگی دے۔