ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر افتخار احمد نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کی بڑی خامی نظر آئی ہے۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز پاکستان سپر لیگ کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی۔
پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) میں لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے افتخار احمد کا کہنا تھا کہ میچ میں ہماری فیلڈنگ بہت بری رہی تاہم اس بات کی خوشی ہے کہ ہم جیت گئے۔
افتخار احمد کا کہنا تھا کہ فلیڈنگ کے حوالے سے ہماری بہت بحث ہوئی ہے، محمد رضوان سے بھی کیچ ڈراپ ہوا جو نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ کیچ گرانا ایسے ہی ہے جیسے میچ گرا دینا۔
انہوں نے کہا کہ ہر کوئی اوپر جا کر کھیلنے کا خواہشمند ہے کیونکہ وہاں وقت ملتا ہے لیکن مڈل اوورز میں بیٹرز کم آ رہے ہیں اور مڈل اوور میں بیٹنگ کرنے والوں کی پاکستان ٹیم کو ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں تھوڑا ایگریشن کے ساتھ کھیلتا ہوں، غصہ کرنا کرکٹ کی خوبصورتی ہے، شاہین اور میرے درمیان جو ہوا یہ کرکٹ کی خوبصورتی ہے، شاہین تو ابھی کپتان ہے اس کو غصہ سے نہیں دیکھ سکتا، شاہین ہمارا ٹیم میٹ ہے اسے غصے سے دیکھنا مشکل کام تھا۔