ملک میں کریڈٹ کارڈزکے ذریعے خریداری کے رجحان میں اگست کے دوران سالانہ اور ماہانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اگست 2023 میں کریڈٹ کارڈز کے ذریعے صارفین نے 103 ارب روپے کی خریداری کی جو گزشتہ سال اگست کے 77 ارب روپے کے مقابلے میں 33.3 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی کے مقابلہ میں اگست میں کریڈٹ کارڈز کے ذریعے خریداری کے رجحان میں 5.2 فیصد کی شرح سے نمو ہوئی۔ جولائی میں صارفین نے کریڈٹ کارڈزکے ذریعے 98 ارب روپے کی خریداری کی جو اگست میں بڑھ کر 103 ارب روپے ہو گئی۔
واضح رہے کہ اگست کے دوران بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضے کا مجموعی حجم 7960 ارب روپے ہو گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 1.1 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سا ل اگست کے اختتام پر بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 8050 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔