روپے کی قدر میں اضافے کے نتیجے میں آئندہ ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق روپے کی قدر میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم اکتوبر سے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 11 روپے 98 پیسے کمی ہوسکتی ہے جب کہ ڈیزل 9 روپے 17 پیسے تک سستا ہوسکتا ہے، اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت 5.58 روپے نیچے آسکتی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے یکم اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنادی، کہتے ہیں کہ یکم اکتوبر سے پیٹرول کی قیمت کم ہوگی۔
واضح رہےکہ حکومت نے 15 ستمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا جس میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 26 روپے تک اضافہ کیا گیا۔