سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ملکہ کوہسار مری میں ممکنہ برف باری کے پیش نظر سیاحوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی۔
چیف ٹریفک آفیسر تیمور خان کا کہنا ہے کہ مری کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، ممکنہ برف باری کے پیش نظر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ملکہ کوہسار مری میں اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر نے کہا مری آنے والے سیاحوں کو تمام انٹری پوائنٹس پر آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں ۔ مری آنے والے سیاح ممکنہ برف باری کے پیش نظر اچھی اور مکمل فٹ گاڑی کا انتخاب کریں۔ مری میں صرف لائسنس ہولڈر ڈرائیورز کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممکنہ برف باری کی صورت میں مری جانے والے سیاح گاڑی میں اینٹی کولنگ لیکوئیڈ کا استعمال کریں ۔ برف باری کے دوران گاڑی کے ٹائروں پر چین کا استعمال کریں اور اپنے ساتھ اضافی گرم کپڑے لائیں۔
سی ٹی او نے مزید کہا کہ دوران ڈرائیونگ گاڑی کے شیشے مکمل بند نہ رکھیں اس سے کاربن مونو آکسائیڈ پیدا ہوتی ہے جو کہ جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ سیاح غلط پارکنگ سے اجتناب کریں ، مری میں محدود پارکنگ کی گنجائش ہے ۔سیاح ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ون سائیڈڈ پارکنگ کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔