سابق وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سابق کمشنر راولپنڈی کا نتائج میں ردوبدل سے متعلق بیان مشکوک اورکسی منصوبے کے تحت لایا گیا۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ الیکشن میں صرف آر اوز، ڈی آراوز کو اختیارات دیے جاتے ہیں، انتخابات کےدوران کمشنرز کو کوئی ذمہ داری نہیں دی جاتی۔ کمشنر راولپنڈی کے بیان پر بات کرنا غیرمناسب ہوگا، اگر الیکشن کمیشن نے کمیٹی نہ بنائی ہوتی تو ضرور کمنٹ کرتا مگر سابق کمشنر کی پریس کانفرنس کی حقیقت سامنے آچکی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی شراکت داری جمہوری عمل کاحصہ ہے، معاشی استحکام کےلیےسیاسی استحکام ناگز یر ہے، کل شام سیاسی مذاکرات میں پیشرفت ہوئی،تفصیلات کا علم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کو سادہ اکثریت حاصل ہے، کراچی کےعوام نے ایم کیو ایم کو مینڈیٹ دیا ہے، صاف نظر آرہا ہے ن لیگ، پی پی، ایم کیوایم ملکر حکومت بنائیں گے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ کے پی میں دھاندلی سے فائدہ اٹھانے والوں سے مولانا کا اتحاد سمجھ سے باہر ہے، مولانا فضل الرحمان ہمارے دلوں سے دور نہیں ہوئے۔