پشاور ہائیکورٹ نے ایک ماہ کےلیے رہنما تحریک انصاف عمر ایوب کی راہداری ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں عمر ایوب کی راہداری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس محمد ابراہیم نے درخواست منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ عمر ایوب کے خلاف 24 مقدمات درج ہے، درخواست ہے ٹائم زیادہ دیا جائے،درخواست گزاروزارت عظمی کے امیدوار بھی ہیں۔
چیف جسٹس محمد ابراہیم خان نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ کتنا ٹائم دیں آپ بتا دیں، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل دانیال چمکنی نے کہا کہ عدالت کو جو مناسب لگے وہی ٹائم دے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ 24 مقدمات ہیں ایک عدالت میں روزانہ بھی پیش ہوں تو 24 دن لگیں گے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ایک مہینے کا ٹائم دے دیں، چیف جسٹس محمد ابراہیم خان نے ریمارکس دیے کہ ہم نے قانون کے مطابق چلنا ہے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ کچھ ضمنی میں بھی چارج کیا ہوگا تو عدالت حکم دیں کہ اس میں بھی گرفتار نہ کیا جائے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ نے ضمانت دی ہے اب کوئی گرفتار نہیں کرے گے، ایک ماہ میں آپ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوجائیں۔