پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور جماعت اسلامی کے درمیان ایک بار پھر رابطہ ہوگیا جبکہ دونوں جماعتوں کی نشست آج شام اسلام آباد میں ہوگی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف سے رابطہ کیا ہے جس کے بعد دونوں جماعتوں کی نشست آج شام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوگی جبکہ جماعت اسلامی سے نائب امیر لیاقت بلوچ کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ اسد قیصر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم جماعت اسلامی کی قیادت سے ملنا چاہتی ہے۔
دوسری جانب قیصر شریف نے بتایا کہ سردار لطیف کھوسہ نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس میں پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اشتراک عمل پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا موقف اصولی ہے۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتےہیں کہ اشتراک عمل صرف خیبرپختونخوا کی سطح پر نہیں ، وفاقی سطح پربھی کیا جانا چاہیے، آج بانی پی ٹی آئی سے میری ملاقات ہے، ملاقات کے بعد جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کروں گا۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کا راستہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔