سوات پولیس نے کا موت کے سوداگروں کیخلاف کریک ڈاون جاری ہے، متعدد منشیات فروش گرفتار کرکے منشیات اور اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات شفیع اللہ گنڈاپور کے خصوصی احکامات پر مینگورہ سٹی میں منشیات فروشوں کیخلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ایس پی لوئر سوات غلام صادق خان کی نگرانی میں ڈی ایس پی سرکل سٹی امجد خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ مینگورہ مجیب عالم خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف کارروائیوں میں متعدد منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں پشتو ڈراموں کے مشہور اداکار محمد حسین سواتی بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 336 گرام آئس، 147 گرام ہیروئن، 48 گرام چرس اور 3 پستول بمعہ 45 عدد کارتوس برآمد کرلئے گئے، گرفتار منشیات فروشوں کیخلاف تھانہ مینگورہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ضلع پولیس سربراہ شفیع اللہ گنڈاپور نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ضلع سوات میں منشیات فروشوں کیلئے کوئی جگہ نہیں اور منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔