کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں گیس دھماکے سے 2 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ایک بڑے گیس دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔
حکومتی حکام نے بتایا کہ ایمباکاسی ضلع کے ایک پلانٹ میں گیس سلنڈروں کو ری فل کیا جا رہا تھا کہ دھماکا ہوگیا۔
کینیا کے ریڈ کراس نے کہا کہ 271 افراد کو نیروبی کے ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے جبکہ 27 افراد کو جائے وقوعہ پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہیں کی جاسکی اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
حکومتی ترجمان اسحاق موورا سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ دھماکا ایمباسی میں کبنسورا کے قریب کینٹینرز کمپنی لمیٹڈ میں ہوا، گیس سلنڈروں کو ری فل کیا جا رہا تھا کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی اور اس سے کئی لوگ زخمی ہوئے جنہیں ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی عمارت کو دھماکے کے نتیجے میں بری طرح نقصان پہنچا ہے، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، عوام سے اپیل ہے کہ وہ علاقے سے گریز کریں ، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
رپورٹس کے مطابق آگ کئی اپارٹمنٹ کمپلیکس تک پھیلی جس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔