پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا، ہماری کوشش ہے اس خطے ملتان کو صوبہ بنایا جائے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا ہمارا ایک ہی نظریہ ہے وہ ہے خدمت، میں نے بطور وزیراعظم ملتان کی خدمت کی ہے، میرا ملتان میں سب سے بڑا کام انٹرنیشنل اٸیر پورٹ بنانا ہے، عوام کو اس سے سہولت ملی ہے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بنایا، اب بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام میں توسیع کررہے ہیں، کاشتکاروں کو بین الاقوامی معاوضہ دیا گیا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا ہماری کوشش ہے کہ اس خطے ملتان کو صوبہ بنایا جائے، کوٸی حکومت پیپلزپارٹی کے بغیر نہیں بن سکتی، برطانوی ہائی کمشنر سے پہلے بھی ملاقات رہی ہیں گزشتہ روز برطانوی ہائی کمشنر کیساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے خلاف جو باتیں کرتے ہیں وہ میرے گناہ کم کرتے ہیں، شاہ محمود قریشی ہمارے دوست بھی ہیں اور مدمقابل بھی ہیں۔