پاک فوج کی ملک کے لئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ فوجی جوان ہر دم ملک کی حفاظت اور بقاء کےلئے اپنی جان قربان کرنے کو تیار رہتے ہیں۔
پاکستان کی مٹی دفاع وطن میں جان قربان کرنے والے شہداء کے خون سے رنگی ہے امن دشمنوں نے جب بھی سرزمین پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر وطن کی پکار پر لبیک کہا۔ وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے خاندانوں کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
حوالدار آفتاب احمد انتہائی نڈر سپاہی تھے جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا، حوالدار آفتاب احمد نے 31 اگست 2023 کو مالی خیل کے مقام پر دہشتگردوں کی جانب سے کئے جانے والے بزدلانہ حملے میں جام شہادت نوش کیا۔ حوالدار آفتاب احمد شہید کا تعلق بہاولنگر سے ہے۔ حوالدار آفتاب احمد شہید نے سوگواران میں والدین، بیوہ، دو بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے۔ حوالدار آفتاب احمد شہید کی شہادت کی داستان ہماری آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔
حوالدار آفتاب احمد شہید کے والد نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب میرا بیٹا سبز ہلالی پرچم میں لپٹ کر آیا تو مجھے بہت فخر ہوا، میرے بیٹے کو اپنے وطن کی خاطر جان دینے کا بہت شوق تھا۔ میں اپنے پانچوں بیٹے اس ملک کی خاطر قربان کرنے کے لیے تیار ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا بیٹا بہت اچھا تھا سب سے بہت پیار کرتا تھا، مجھے فخر ہے کہ میں ایک شہید کا بیٹا ہوں۔
آفتاب احمد شہید کے بیٹے کا کہنا تھا کہ میرے والد کی شہادت کی وجہ سے ہم سب کو بہت عزت ملی، اپنے والد کی شہادت سے پہلے ان سے بات نہیں ہو سکی جس کا مجھے بہت افسوس ہے۔