سال 2023ء میں پاکستانیوں نے دنیا کی مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ سروس یوٹیوب پر کونسی ویڈیوز دیکھنا پسند کیں؟، اس حوالے سے یوٹیوب نے فہرست جاری کردی۔
یوٹیوب کی فہرست میں بتایا گیا ہے کہ 2023ء کے دوران پاکستان میں سب سے زیادہ مقبول ویڈیوز (ٹرینڈنگ)، ٹاپ کری ایٹرز، بریک آؤٹ کری ایٹرز، ٹاپ میوزک ویڈیوز اور ٹاپ شارٹس ویڈیوز کونسی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں لوگ یوٹیوب پر ڈرامے دیکھنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔
سال 2023ء میں سب سے زیادہ دیکھی جانیوالی یا ٹرینڈ کرنیوالی ٹاپ 10 میں سے 4 ویڈیوز ڈراموں کی ہیں۔
فہرست کے مطابق 2023ء میں سب سے زیادہ مقبول ترین ڈرامہ تیرے بن دیکھا گیا، جس کی آخری قسط 2023ء میں پاکستان میں یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو تھی، 6 جولائی کی ویڈیو کو 4 کروڑ 70 لاکھ (47 ملین) سے زائد بار دیکھا گیا۔
سال 2023ء کے ٹاپ کری ایٹرز میں زم زم الیکٹرانکس ٹریڈنگ کا نام سرفہرست رہا، ڈکی بھائی دوسرے مقبول ترین کری ایٹر قرار پائے جبکہ شہر میں دیہات تیسرے، سلمان نعمان چوتھے اور سسٹرولوجی کے حصے میں 5 واں نمبر آیا۔
یوٹیوب کی فہرست کے مطابق ٹاپ بریک آؤٹ کری ایٹرز میں بھی سرفہرست نام زم زم الیکٹرانکس ٹریڈنگ کا رہا، ان کے بعد پاک ٹاؤن وی لاگز، اریبہ پرویز، علی بلوچ اور مشکوٰۃ خان بالترتیب دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔
گزشتہ سال پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی میوزک ویڈیوز میں سب سے اوپر ’’ہم سندھ میں رہنے والے سندھی‘‘ گانے کی ویڈیو رہی، دوسرے نمبر پر بالی ووڈ فلم ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے کا گانا ’’تیرے واسطے‘‘ رہا جبکہ تیسرا نمبر ایک بی پراک کے گانے ’’کیا لو گے تم‘‘ کے حصے میں آیا، ’’زحال مسکین مکن برنجش‘‘ کا چوتھا اور فلم ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے کا گانا ’’پھر اور کیا چاہئے‘‘ پانچویں نمبر پر رہا۔
سال 2023ء میں پاکستان میں مقبول ترین شارٹ ویڈیو ’’پتی کو بنایا پاگل‘‘ رہی۔
اعلامیے میں ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ یوٹیوب شارٹس کو روزانہ اوسطاَ 70 ارب سے زیادہ بار دیکھا جاتا ہے، پچھلے سال شارٹس پر روزانہ کی بنیاد پر اپلوڈ ہونے والے چینلز کی تعداد میں 80 فیصد سے زیادہ کا اضافہ دیکھا گیا اور یوٹیوب شارٹس کو اب 2 ارب سے زائد لاگڈ-اِن یوزرز ہر ماہ دیکھ رہے ہیں۔