پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سابق چیئرمین عمران خان کی توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈز سکینڈل میں درخواست ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی ہوگئی۔
بدھ کے روز احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی جس کے دوران قومی احتساب بیورو ( نیب ) کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔
اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت کے دوران سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ان کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ فریقین کی جانب سے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل دیئے گئے۔
دوران سماعت ملزمان کو ریفرنسز کی نقول بھی فراہم نہ کی جاسکیں اور بعدازاں، عدالت نے مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے دونوں ریفرنسز میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کر رکھی ہے۔