کوئٹہ کے قریب ولی تنگی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، پاک فوج کے صوبیدار قیصر رحیم نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے گزشتہ روز ولی تنگی کوئٹہ کے قریب سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا گیا، امن دشمنوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے صوبیدار قیصر رحیم شہید ہوگئے جبکہ ایک سپاہی شدید زخمی ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔