ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ٹیلیفون کے بعد نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہبازشریف سے رابطہ کیا اور ایرانی وزیر خارجہ سے اپنی گفتگو کے بارے میں آگاہ کیا ۔
وزیراعظم شہبازشریف اور اسحاق ڈار نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال، کشیدگی میں اضافے کے خدشات پر گفتگو کی جبکہ ایران امریکا مذاکرات کے دوسرے دور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، نائب وزیراعظم نے شہباز شریف کو سفارتی پیش رفت کےبارے میں بھی بتایا۔
پاکستان دونوں فریقین کو جلد دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے سرگرم ہے، وزیراعظم نے ایرانی وفد کی آمد کی اطلاع کواہم سفارتی پیشرفت قرار دےدیا، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے بدلتی صورتحال پر نظر رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے امن و استحکام کیلئے اہم پالیسی اور سفارتی ہدایات جاری کیں ۔ وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط تیز اور مشاورت جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔
پاکستان نے امن کوششوں میں عالمی کردار مزید متحرک بنانے ، خطےمیں کشیدگی کم کرنے،اعتماد سازی اورمذاکراتی عمل کو آگے بڑھانےکے عزم کا اظہار کیا ۔






















