چین نے جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اور بڑا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ہزاروں ڈرونز کو بیک وقت فضا میں اُڑا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
یہ شاندار مظاہرہ صوبہ انہوئی کے شہر ہیفی میں پیش کیا گیا، جہاں آسمان روشنیوں اور دلکش مناظر سے جگمگا اٹھا۔
چینی کمپنی ای ہینگ ایگرٹ نے اس لائٹ شو کے دوران بیک وقت 22 ہزار 580 ڈرونز فضا میں بھیج کر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس سے قبل بھی چین کی مختلف کمپنیوں نے 11 ہزار اور 15 ہزار سے زائد ڈرونز اُڑا کر ریکارڈ قائم کیے تھے، تاہم اس نئی کامیابی نے تمام سابقہ ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اس مظاہرے کی خاص بات مصنوعی ذہانت پر مبنی سوارم انٹیلیجنس ٹیکنالوجی کا استعمال تھا، جس کے ذریعے ہزاروں ڈرونز کو ایک یونٹ کی طرح کنٹرول کیا گیا، اور کسی قسم کے تصادم یا حادثے سے بچا گیا۔
روشنیوں سے بھرپور اس شو میں آسمان پر تھری ڈی چینی لالٹینیں، شہری مناظر اور پیچیدہ ڈیزائنز تخلیق کیے گئے، جنہوں نے حاضرین کو حیران کر دیا۔ اگرچہ چند ڈرونز تکنیکی خرابی کے باعث اڑان نہ بھر سکے، تاہم مجموعی طور پر مظاہرہ کامیاب رہا۔





















