لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں ادچیت القصیر میں فورس کی پوزیشن کے نزدیک ایک پروجیکٹائل کے پھٹنے کے نتیجے میں امن فوج کا ایک اہلکار جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
ایکس پر جاری ایک بیان میں لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس کا کہنا ہے کہ امن کے مقصد کی خدمت کرتے ہوئے کسی کو بھی اپنی جان سے ہاتھ نہیں دھونا چاہیے۔
فورس کا کہنا ہے کہ ابھی انھیں اس بارے میں اطلاع نہیں کہ یہ پروجیکٹائل کہاں سے آیا تھا اور اس متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اتوار کو جنوبی لبنان میں ایک ایمبولینس پر حملے میں طبی عملے کا ایک رکن مارا گیا۔ انھوں نے اس کا الزام خطے میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی فوجی کارروائیوں‘ پر عائد کیا تھا۔ ٹیڈروس اذانوم گریبیسس کا کہنا تھا کہ جنوبی لبنان میں طبی سازوسامان کے ایک گودام کو بھی حملہ کر کے تباہ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان انڈونیشین وزارت خارجہ کے مطابق چاروں افراد انڈونیشین فوج کے اہلکار ہیں، انڈونیشیا نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔






















