مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے پاکستان پر اثرات پڑنے شروع ہوگئے،ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں ایک فیصد تک اضافہ،سالانہ شرح بڑھ کر آٹھ اعشاریہ دو چار فیصد ہوگئی۔
ادارہ شماریات کےمطابق گزشتہ ہفتے پیٹرول ڈیزل سمیت 23 اشیاء مہنگی ہوئیں،ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں،جن میں پیاز، ٹماٹر، آلو، انڈے اور زندہ مرغی شامل ہیں۔
رپورٹ کےمطابق پیاز اٹھارہ فیصد سےزائد جبکہ ٹماٹر گیارہ فیصد سےزیادہ مہنگے ہوئے,لہسن،مٹن، بیف،ایل پی جی، بجلی، لکڑی بھی مہنگی ہوئی،گزشتہ ہفتےایل پی جی کی قیمتوں میں 10 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،بجلی کی قیمت بھی 6 فیصد سے زائد بڑھ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کےمطابق سالانہ بنیادپرگندم کا آٹا 24.76 فیصد تک مہنگا ہوا،ایک سال میں پیاز 25 فیصد،سرخ مرچ 15 فیصد سے زائد مہنگی ہوئی،گزشتہ سال کی نسبت بڑا گوشت 13 فیصد، چھوٹا 12.41 فیصد مہنگا ہوا،
رپورٹ کےمطابق سالانہ بنیاد پر ایل پی جی 35 فیصد اور ڈیزل 30 فیصد مہنگا ہوا،ایک سال میں گیس چارجز تقریباً 30 فیصد بڑھ گئے،پیٹرول کی قیمت میں بھی سالانہ بنیاد پر 25.75 فیصد اضافہ ہوا




















