عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کی کے بعد معمولی اضافہ ہوگیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق برینٹ کروڈ فیوچر 3 سینٹ بڑھ کر 81.71 ڈالر فی بیرل ہو گیا جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ فیوچر 17 سینٹ یا 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 76.58 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
ماہرین کے مطابق سرمایہ کار اوپیک ممالک کے اجلاس سے قبل محتاط ہو گئے جبکہ جبکہ بحیرہ اسود میں طوفان کی وجہ سے سپلائی میں رکاوٹ نے قیمتوں میں اضافہ کیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ عالمی منڈی میں مجموعی طور پر امریکی اور برطانوی خام تیل کے بعد روسی خام تیل کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق مارکیٹ میں روسی تیل کی فی بیرل قیمت 60 ڈالر سے بھی نیچے آگئی ہے، یورپی یونین کی جانب سے روسی تیل کی 60 ڈالر فی بیرل کی حد مقرر کی گئی ہے مگر مارکیٹ میں روسی تیل کی قیمت مقررہ حد سے بھی نیچے چلی گئی۔
رپورٹ کے مطابق خام تیل کی قیمتیں اس وقت 4 ماہ کی کم ترین سطح پر موجود ہے، جس کے زیراثر پاکستان میں بھی یکم دسمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع ہے تاہم اگلے 15 دنوں کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی اعلان وزیر اعظم کی منظوری سے کیا جائیگا۔