اسلاموفوبیا کےتدارک کے عالمی دن پر صدر آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف نےپیغام میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور امتیازی سلوک کی مذمت کی،کہا اسلام کو انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی ہے،پاکستان مذہبی رواداری کےفروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اسلاموفوبیا کےتدارک کے عالمی دن پر صدرمملکت آصف علی زرداری نےاپنا پیغام جاری کیا ہے،صدرمملکت نےکہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت، امتیاز اورعدم برداشت کےرجحانات کے خلاف متحد ہونا ضروری ہے،آج کا دن مسلمانوں کےخلاف بڑھتے ہوئے تعصب اورتشدد کے واقعات کی جانب عالمی توجہ مبذول کراتا ہے۔ یہ دن مذہبی تنوع کے احترام اور رواداری کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نےبھی اپنےپیغام میں کہا کہ مذہبی تعصب اورعدم برداشت معاشرتی ہم آہنگی کو کمزور کرتے ہیں،مہذب معاشرے عقائد کی بنیاد پر انسانی حقوق میں تفریق نہیں کرتے،پاکستان اسلاموفوبیا کی تمام صورتوں کی مذمت کرتا ہے۔
شہباز شریف نےکہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق تمام انسان مساوی حقوق رکھتے ہیں۔ اسلام امن اور رواداری کا پیغام دیتا ہے۔ اسلام کو انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی ہے جبکہ اقوام متحدہ کی قرارداد مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کی حوصلہ شکنی کرتی ہے۔
وزیراعظم نےکہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی فورمز پر اسلاموفوبیا کے خلاف آواز اٹھائی ہے ۔ مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔





















