افغانستان، پاکستان اور تاجکستان کے متعدد شہر زلزلے کے زور دار جھٹکوں سے لرز اٹھے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ امریکی زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز افغانستان کے صوبہ پنجشیر کے علاقے بازارک میں تھا۔
یو ایس جی ایس کے مطابق زلزلے کی گہرائی سطح زمین سے 90 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث اس کے جھٹکے کابل سمیت افغانستان کے مختلف شہروں اور ہمسایہ ممالک پاکستان اور تاجکستان میں بھی محسوس کیے گئے۔
پاکستان کے شہر سرگودھا ، کوہاٹ ، صوابی ، پشاور ، چترال ، مالاکنڈ ، باجوڑ ، شانگلہ ، پاراچنار شہر، لنڈی کوتل اور مضافات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔





















