ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے وانڈہ بڈھ میں سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے حملے میں ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار شہید جبکہ ڈی ایس پی اور دیگر اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ شہید نواب خان کی حدود وانڈہ بڈھ میں سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیاپولیس کے مطابق حملہ ٹی ٹی پی کے ٹیپو گل مروت گروپ سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد نے کیا، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فائرنگ کے اس واقعے میں ایس ایچ او فہیم ممتاز خان مروت سمیت چار پولیس اہلکار شہید ہو گئے، جن میں کانسٹیبل عرفان خان، غلام سبحانی اور وجاہت شامل ہیں۔
واقعے میں ڈی ایس پی عدنان خان شدید زخمی ہوئے جبکہ ان کے ڈرائیور طارق خان اور دو گن مین بھی زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہےپولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دہشتگردوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش کے لیے قریبی علاقوں میں ناکہ بندی اور تلاشی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔





















