امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کی بڑی وجہ فرقہ واریت اور غیر ضروری اختلاف ہیں۔
ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید کی نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی رہائش گاہ پر آمد ہوئی جہاں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلمان عقیدہ توحید پر کامل یقین رکھتے ہیں ، معمولی اختلافات کو نفاق کا باعث نہیں بننے دینا چاہیے ، امت کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
امام کعبہ کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا ہوگا اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہو گا ، ایک دوسرے کے دل جیتیں نا کہ اپنی رائے مسلط کریں۔
امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید کی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کے رہائش گاہ آمد، وزیر داخلہ کا امام کعبہ کا پر تپاک خیر مقدم، آپ کی میرے گھر آمد میری خوش قسمتی اور میرے پورے خاندان کیلئے باعث سعادت ہے، وزیر داخلہ pic.twitter.com/UCcdO1F2eH
— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) November 24, 2023
اس موقع پر نگران وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آپ کی میرے گھر آمد میری خوش قسمتی اور میرے پورے خاندان کیلئے باعث سعادت ہے، پاکستانی عوام سرزمین حجاز سے بے حد پیار کرتے ہیں۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پاک سعودی تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور عوامی رابطوں پر محیط ہیں اور پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔