ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ بھارت سے سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستانی انڈس واٹر کمشنر نے بھارتی ہم منصب کو سوالات بھیجے ہیں، بھارت سے پاکستانی انڈس واٹر کمشنر کے سوالات کا جواب دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر میں مظالم جاری ہیں، اقوام متحدہ انسانی حقوق مشینری نے بھی اس کو اجاگر کیا ہے، پاکستان عالمی فورمز پر کشمیر کے معاملے کو اجاگر کرتا رہے گا۔ یقین ہے کہ پاک بھارت ثالثی پر چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا بیان درست ہے۔
حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان جوہری فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ تفصیلات کا تبادلہ بیک وقت اسلام آباد اوردلی میں کیا گیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا بھی تبادلہ کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 257 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کردی۔
انکا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔
حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات 4 جنوری سے بیجنگ میں ہوں گے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، سرحد بند ہونے کے بعد سے افغانستان میں مشن وہاں موجود پاکستانیوں سے رابطے میں ہے، افغانستان سے 15 طلبہ سمیت 291 پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔






















