امریکا نے روسی صدر کی رہائش گاہ پر حملے کے دعوے کو مسترد کردیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹ کلف نے صدر ٹرمپ کو حملے کے بارے میں بریف کیا، رپورٹ کے مطابق یوکرین نے ڈرون حملے میں صدر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ نہیں بنایا۔
ڈائریکٹر سی آئی اے کے مطابق حملے سے متعلق روسی دعوے میں سچائی نظر نہیں آتی، بریفنگ میں صدر ٹرمپ نے روسی رویے پر ناراضی کا اظہار کیا۔ روس نے گذشتہ روز صدر پیوٹن کی رہائش گاہ پر یوکرینی حملے کی ویڈیو بھی جاری کی تھی۔
اس سے قبل روس نے یوکرین پر صدر ولادیمیر پیوٹن کی سرکاری رہائش گاہ پر حملے کا الزام لگایا تھا۔ روس کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ یوکرین نے نووگورود ریجن میں صدر پیوٹن کی رہائش گاہ پر حملہ کیا ہے۔ حملے کے وقت صدر پیوٹن کے رہائش گاہ پر موجود ہونے کا نہیں بتایا گیا۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یوکرین نے صدر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، یوکرین نے 28 اور 29 دسمبر کے درمیان رہائش گاہ پر 91 لانگ رینج ڈرونز فائر کیے۔






















