وزیراعظم شہباز شریف نے تمام وزارتوں کو سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سفارشات جلد از جلد مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔ کہا سرمایہ کاروں کی آسانی کے لیے ادارہ جاتی اور انتظامی سہولیات یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری میں اضافے اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اقتصادی اصلاحات پرمبنی معاشی گورننس پالیسی پروزارتوں سے موثرعملدرآمد ناگزیر ہے۔ متعلقہ وزارتوں سےعملی اقدامات اور کم سے کم دورانیہ پر مشتمل جامع حکمت عملی طلب کر لی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کیلئے تجاویز اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے۔ متعلقہ وزارتیں پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے مؤثر تعاون کریں۔ سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے صنعتی پیداوار،زراعت اور دیگرتمام شعبوں پر یکساں توجہ دی جائے۔






















